دنیا میں امن و استحکام کا قیام نہ صرف انسانی زندگی کے تحفظ بلکہ عالمی معیشت کی مضبوطی ، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔عالمی سطح پرجنگی حالات میں بہتری، کشیدگی میں کمی اور امن کی کوششوں سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کے امکانات پیدا ہوتے ہیں، جس کے مثبت اثرات دنیا بھر کی معیشتوں پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم قیمتوں میں بتدریج کمی کے حوالے سے سامنے آنے والا بیان عوامی ریلیف،معاشی بہتری اور ملکی ترقی کے تقاضوں سے اہم آہنگ ہے، پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے توانائی کی قیمتوں میں استحکام خصوصی اہمیت رکھتا ہے ،کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں براہ راست اور بالواسطہ طور پر زندگی کے مختلف شعبوںکو متاثر کرتی ہیں، عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتوں کا تعلق متعدد عوامل سے ہوتا ہے ، جن میں تیل کی طلب و رسد، پیداوار ، ترسیل کے اخراجات ، عالمی معاشی سرگرمیاں اورمختلف خطوں کی صورتحال شامل ہیں، جب دنیا کے مختلف حصوں میں جنگی کشیدگی بڑھتی ہے تو تیل کی پیداوار اور ترسیل کے بارے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اہم بحری راستوں اور توانائی کی تنصیبات کو لاحق خدشات بھی عالمی منڈی میںقیمتوں پر اثر اندازہوتے ہیں۔ا س کے برعکس جب سفارتی کوششیں کامیابی سے آگے بڑھتی ہیں۔ تنازعات کے حل کیلئے امید پیدا ہوتی ہے اور امن و استحکام کی فضا بہتر ہوتی ہے تو عالمی منڈی میں غیر یقینی کیفیت کم ہونے کے امکانات پیدا ہوتے ہیں، ایسی صورتحال میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے ساز گار حالات بن سکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے، عوام کو بلا تفریق ریلیف احسن اقدام ہے جس سے براہ راست کروڑوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔عوامی فلاح کی مد میں اربوں کی ادائیگی کی گئی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ریلیف کے اقدامات کرتے رہیںگے۔ انہوںنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے۔ عالمی سطح پر جنگ حالات سے ساری دنیا کی معیشتوں میں اتار چڑھائو کی وجہ قیمتو ں میں عدم استحکام ہوا ہے۔ مستقل امن ہوتے ہی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔پاکستان کی معیشت میں پٹرولیم مصنوعات کو مرکزی حیثیت حاصل ہے ۔ ٹرانسپورٹ ، زراعت، صنعت، تجارت اور بجلی کی پیداوار سمیت متعدد شعبے توانائی کی دستیابی اور قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل مہنگے ہونے کی صورت میں سامان کی نقل و حمل کے اخراجات بڑھتے ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی دبائو پڑ سکتا ہے۔ کسانوں کیلئے زرعی مشینری چلانا اور فصلوں کو منڈیوں تک پہنچانا مہنگا ہو جاتا ہے، جبکہ کاروباری اداروں کے پیداواری اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے پٹرولیم قیمتوں میں کمی یا استحکام محض ایک شعبے کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے اثرات مجموعی معاشی سرگرمیوں تک پھیلتے ہیں، جنگی کشیدگی میں کمی اور پٹرولیم کی عالمی قیمتوں میں بہتری پاکستان کیلئے معاشی دبائو کم کرنے کے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم قیمتوں میں بتدریج کمی کے حوالے سے اختیار کیا جانے والا طریقہ کار اسی صورت میں زیادہ موثر ثابت ہو گا جب عالمی حالات میں بہتری کے ثمرات شفاف پالیسیوں کے ذریعے عوام تک پہنچائے جائیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ممکنہ ریلیف کی راہ ہموار کرنے کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اصلاحات، درآمدی انحصار میں کمی اور معاشی استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے، امن ، دانش مندانہ معاشی منصوبہ بندی اور عوام دوست اقدامات ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی منزل کے قریب لے جا سکتے ہیں۔




