عرفات منہاس آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کیلئے نامزد

لاہور (سپورٹس نیوز)پاکستان کے نوجوان آل رائونڈر عرفات منہاس کو ہوم ون ڈے سہ ملکی سیریز میں شاندار کارکردگی پر اکتوبر 2026ء کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کردیا گیا۔عرفات منہاس نے 5اننگز میں 29.80کی اوسط سے 149رنز بنائے، جبکہ 9وکٹیں بھی حاصل کیں جن میں انگلینڈ کے خلاف 6وکٹیں شامل تھیں۔انگلینڈ کے خلاف میچ میں عرفات منہاس نے 40رنز دے کر 6وکٹیں حاصل کیں اور 59رنز کی اننگز بھی کھیلی۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کسی پاکستانی بولر کی دوسری بہترین ون ڈے بولنگ کارکردگی ہے۔سری لنکا کے خلاف فائنل میں انہوں نے صرف 31گیندوں پر 61رنز بنا کر پاکستان کو 326رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔ آل رائونڈ کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔ایوارڈ کے لیے جنوبی افریقہ کے آل رائونڈر مارکو جانسن اور ویسٹ انڈیز کے کپتان شائی ہوپ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مارکو جانسن نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائی۔دوسری جانب شائی ہوپ نے بھارت کے خلاف ون ڈے میچ میں ناقابلِ شکست 162رنز کی اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کو 352رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مدد دی۔ انہوں نے پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی دو سنچریاں اسکور کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں