راولپنڈی (سپورٹس نیوز) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی کنڈیشنز زیادہ مشکل نہیں تھیں کیونکہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ایسی پچز پر کھیل چکے ہیں تاہم ایک اچھی ٹیم کو ہر طرح کی کنڈیشنز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ بطور کپتان ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہوں، نئے کھلاڑیوں کا ٹیم کے لیے عمدہ کارکردگی دکھانا خوش آئند ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈکاسٹ پروگرام سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ اچھی بائولنگ کرنے والے بائولرز کپتان کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ محمد عباس تجربہ کار بالر ہیں اور وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں بائولنگ کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔نوجوان فاسٹ بالرز کو ان کے تجربے سے سیکھنا چاہیے۔انہوں نے ثاقب خان کی بائولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہترین کنٹرول کے ساتھ بائولنگ کی۔ طیب عارف اور محمد طحہ مختلف صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں اور وہ پاکستان کی بیٹنگ کا مستقبل ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں مخالف ٹیمیں نئے بیٹرز کے لیے سخت چیلنجز پیدا کرتی ہیں، اس لیے انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے محنت اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ اپنی بیٹنگ کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کے بارے میں پراعتماد ہیں اور غلطیوں پر جلد قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ انہیں یقین ہے کہ جلد رنز بننا شروع ہو جائیں گے اور ان کی بیٹنگ میں بہتری نظر آئے گی۔ واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 سے شکست دی۔




