زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پہلی فورٹیفائیڈ گندم کے آٹے کی چکی کا افتتاح

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد(UAF)اور نیوٹریشن انٹرنیشنل (Nutrition International)کے باہمی اشتراک سے ڈائریکٹوریٹ آف فارمز، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ملک کی کسی بھی یونیورسٹی کی سطح پر اپنی نوعیت کی پہلی فورٹیفائیڈ گندم کے آٹے کی چکی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے چکی کا افتتاح کیا، جبکہ نیوٹریشن انٹرنیشنل کے نیشنل پروگرام مینیجر حفیظ اللہ گھمبیر نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔یہ چکی نیوٹریشن انٹرنیشنل کے فراہم کردہ مائیکرو فیڈر (Micro-Feeder) سے لیس ہے، جس کے ذریعے پسائی کے دوران آٹے میں آئرن، فولک ایسڈ، زنک اور وٹامن بی 12 شامل کیے جائیں گے اور یونیورسٹی اپنی کاشت کردہ گندم سے خود فورٹیفائیڈ آٹا تیار کرے گی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے احکامات جاری کیے کہ یونیورسٹی کی حدود میں باہر سے کوئی عام آٹا خریدا نہیں جائے گا اور تمام ہاسٹلز، کینٹینز، میس اور سرکاری تقریبات سمیت آٹے کی تمام ضروریات اسی فورٹیفائیڈ آٹے سے پوری کی جائیں گی۔ انہوں نے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی جامعات کی سطح پر اپنی طرز کی اس پہلی چکی کا قیام زرعی کے لیے باعثِ اعزاز ہے، اور یہاں فورٹیفائیڈ آٹے پر تحقیق کے ساتھ ساتھ اس سے بنی مختلف غذائی مصنوعات بھی تیار کر کے عام صارفین کے لیے بھی مہیا کی جائیں گی۔نیوٹریشن انٹرنیشنل کے نیشنل پروگرام مینیجر جناب حفیظ اللہ گھمبیر نے کہا کہ خوراک کی فورٹیفیکیشن غذائی قلت پر قابو پانے کا مثر ترین ذریعہ ہے، اور نیوٹریشن انٹرنیشنل اس ماڈل کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے ساتھ اپنا تکنیکی تعاون جاری رکھے گی۔ تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹر جنرلز ، اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کی علاقائی ٹیم نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں