ASIکو شہید کرنیوالے 3بھائیوں سمیت12ملزمان کیخلاف مقدمہ درج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) روشن والا کے علاقہ بلوچ والہ میں پولیس مقابلہ کے دوران اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبید اﷲ اورا کو شہید کرنیوالے 3بھائیوں سمیت 12ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مرکزی ملزم الیاس اسکے بھائیوں عامر’ غلام عباس عرف اسحاق’ ساغر عرف ساغری’ شمعون’ ظفر اقبال’ کالی ملتانی اور 5نامعلوم ملزمان کیخلاف قتل’ اقدام قتل’ دہشت گردی’ کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت ایس ایچ او تھانہ روشن والا سب انسپکٹر وسیم ساہو کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، شہید اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبیداﷲ اورا کی پولیس لائن میں نمازجنازہ ادا کرنے کے بعد ان کے آبائی علاقہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق اے ایس آئی عبیداﷲ اورا ماتحت عملہ کے ہمراہ ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ڈکیت الیاس ولد اشرف کی گرفتاری کیلئے 249 رب بلوچ والا میں چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس پارٹی کو آتے دیکھ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی تو گولیاں اے ایس آئی عبیداﷲ اورا کو لگنے سے وہ بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا تو دیگر ساتھیوں نے ملزم الیاس کے ڈیرہ کو گھیرا میں لیکر ریسکیو15 پر مقابلہ کی کال کر دی۔ پولیس مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سب انسپکٹر وسیم ساہو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، اطلاع ملتے ہی ایس پی اقبال ٹائون’ ڈی ایس پی فیکٹری ایریا بھی موقع پر پہنچے تو اسسٹنٹ سب انسپکٹر عبیداﷲ اورا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر چکے تھے۔ خطرناک اشتہاری ملزم محمد الیاس ولد اشرف پولیس کو دو درجن وارداتوں میں مطلوب ہے۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے موقع پر پہنچ کر ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں سپیشل ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں آج صبح 10بجے پولیس لائن میں شہید اے ایس آئی عبیداﷲ اورا کی نمازجنازہ ادا کی گئی جس میں آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سمیت اعلیٰ پولیس افسران اور دیگر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بعدازاں ان کے آبائی علاقہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں