CCDکیساتھ مبینہ مقابلوں میں آج پھر6منشیات فروش ہلاک،کانسٹیبل زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی صدر وجڑانوالہ ڈویژن میں مبینہ پولیس مقابلوں میں آج پھر بدنام زمانہ 4منشیات فروش اپنے انجام کو پہنچ گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ فیصل آباد میں دو روز میں 8منشیات فروش اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی صدر ڈویژن کے انچارج سید غلام عباس نے بتایا کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے جا رہے تھے کہ ٹائیلاں والا قبرستان کے قریب ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی رضاآباد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم شفیق ولد رفیق زخمی حالت میں پڑا تھا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اس کے قبضہ سے پسٹل اور آئس برآمد ہوئی جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے جبکہ دوسرا مقابلہ جڑانوالہ ڈویژن میں ہوا جہاں پر سی سی ڈی کے انچارج سب انسپکٹر حقنواز نے بتایا کہ وہ 235 گ ب پل جگاتن کے قریب جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے موجود تھے کہ اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر 5افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی اور موقع سے بھاگے تو پولیس پارٹی نے تعاقب کیا تو 235 گ ب کے قریب موٹرسائیکلیں روک کر دوبارہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، ملزمان کو گرفتاری دینے کا کہا لیکن انہوں نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا، تاہم جوابی فائرنگ کے بعد سلسلہ بند ہوا تو پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو 3ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے بری طرح زخمی حالت میں پڑے تھے جن کی شناخت احسان عرف شانی ولد عباس سکنہ 562 گ ب’ ولائت عرف علی شیر ولد احمد یار سکنہ 363 گ ب اور اکمل ولد یوسف سکنہ 220 گ ب کے ناموں سے ہوئی ان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ ان کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا کر ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مارے جانیوالے منشیات فروش ریکارڈ یافتہ اور ان کے خلاف درجنوں مقدمات درج تھے۔دریں اثناء ۔گوجرہ /جھنگ (نمائندگان) سی سی ڈی پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن ،بدنام زمانہ منشیات فروش مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک۔ معلوم ہوا ہے کہ سی سی ڈی انچارج انسپکٹر چوہدری فریاد چیمہ اپنے ماتحت اہلکاران کے ہمراہ گوجرہ میں چک نمبر 370 ج ب کے قریب گشت پر موجود تھے کہ موٹر سائیکل سوار منشیات فروشوں سے آمناسامنا ہوگیا جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ شروع کر دی جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں پایا گیا جبکہ دیگر ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہو گئے زخمی منشیات فروش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کی شناخت بدنام زمانہ منشیات فروش علی اکبر سکنہ کمالیہ سے ہوئی ہے جس کی نعش تحصیل ہیڈ کوارٹرزہسپتال گوجرہ پہنچا دی گئی ہے۔پولیس مذید مصروف کارروائی ہے۔ علاوہ ازیں جھنگ میں منشیات فروشوں نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا، سی سی ڈی ٹیم نے حفاظت خود اختیاری کے تحت فائرنگ کی، مقابلہ ختم ہونے پر منشیات فروش صفدر کی نعش ملی جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا جو منشیات سمیت 11مقدمات میں ریکارڈیافتہ نکلا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں