CPOکی ہدایت پر تھانہ ٹھیکریوالہ کی کارروائی،قتل کے مقدمہ میں11سال سے مطلوب اشتہاری گرفتار

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) سی پی او فیصل آباد کی خصوصی ہدایات پر تھانہ ٹھیکری والا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں گیارہ سال سے مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ٹھیکری والا انسپکٹر علی عمران کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم طارق عرف ننھا کو گرفتار کیا، جو طویل عرصہ سے قانون کی گرفت سے فرار تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے رقم کے لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے محمد آصف کو قتل کیا تھا اور واردات کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ پولیس کی مسلسل کاوشوں اور جدید حکمت عملی کے تحت بالآخر ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا۔سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور گرفتار ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں