DDCکا اجلاس،شیخ اعجاز اور ضیاء الرحمن نے CPOکو آڑے ہاتھوں لے لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ڈی سی کے اجلاس میں شیخ اعجاز احمد اور ضیاء الرحمان نے امن وامان کی خراب صورتحال پر سی پی او کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر’ سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی (ڈی ڈی سی) کے اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر’ ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری’ سرکاری اداروں کے سربراہان’ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی’ ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او بلال عمر نے بریفنگ دی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سٹی صدر شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ اور سٹی جنرل سیکرٹری میاں ضیاء الرحمان نے شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال اور غیر مناسب رویے پر سی پی او کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی او صاحب آپ کس امن وامان کی بات کر رہے ہیں، فیصل آباد میں دن بدن جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے، شہر میں روزانہ 100 سے زائد وارداتیں ہو رہی ہیں۔ ڈاکو شہریوں کو سرعام ناکے لگا کر لوٹ رہے ہیں، آپ ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کرتے، ہمارا فون تک نہیں سنتے، آپ کی نااہلی کے باعث 5ماہ بعد ڈی ڈی سی کی میٹنگ ہوئی حالانکہ ڈی ڈی سی کی ہر ماہ میٹنگ ہونا ہوتی ہے، گزشتہ اجلاس میں آپ نے کہا تھا کہ علاقائی مسائل کے حل کیلئے ایس پیز اور پولیس کے دیگر افسران مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں’ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ میٹنگز کریں گے مگر اس پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کوئی جواب دینے کی بجائے غصہ میں آکر میٹنگ سے اٹھ کر چلے گئے۔ بعض ارکان اسمبلی نے بھی سی پی او کی سائیڈ لی اور وہ بھی اجلاس سے چلے گئے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر انہیں منا کر لے آئے مگر اجلاس ادھورا رہا اور اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں