36

FCCI سیلاب متاثرین کو 500 گھر تعمیر کرکے دیگا ‘ صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر خرم طارق

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی کے آخری مرحلہ کے سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری 500گھر تعمیر کر کے دے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کوٹ ادو کے متاثرین کیلئے پہلی قسط کے طور پر سو گھروں کی تعمیر کے سلسلہ میں جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد بتائی۔ انہوںنے ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے سانحات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں قدرت سے ہم آہنگ پالیسیوں کی سمت بڑھنا ہوگا تاکہ کرئہ ارض کو آئندہ ایسے غیر معمولی سانحات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کار خیر کے کاموں کے سلسلہ میں فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوںنے ہمیشہ قدرتی آفات کے دوران انتہائی خلوص سے متاثرہ بھائیوں کی مدد کی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں سے پیدا ہونے والی طوفانی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر راشن ، کپڑوں اور ادویات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر نے اُن دور افتادہ علاقوں تک پہنچنے کی سعی کی جہاں عام رضاکاروں کیلئے رسائی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکانوں کی تعمیر کیلئے بھی یہی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے تاکہ متاثرین کو چھت فراہم کر کے اُن کیلئے معمول کی زندگی دوبارہ شروع کرنے کے راستے کھولے جا سکیں۔ ڈاکٹر خرم طارق اپنی ٹیم کے ہمراہ کوئہ سلیمان کی وادی میں واقع بستی گاڈی تک گئے جہاں سے بارشی پانی نے سیلابی ریلے کی شکل اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلا جہاں جہاں سے گزرا وہاں ہر چیز کو تباہ و برباد کرتا گیا جن میںسڑکوں اور مکانوں سمیت سرکاری عمارتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی کوشش ہے کہ جن متاثرین کے مکان تباہ ہوئے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر مکان تعمیر کر کے دیئے جائیں۔ اس موقع پرعبداللہ قادری،عارف احسان ملک اورحاضرخان بھی موجودتھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں