FDAسٹی میں پیڈل ٹینس کورٹ کھیلوں کے فروغ کیلئے بہت اہم ہے،محمد آصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی میں عالمی معیار کے پیڈل ٹینس کورٹ کا قیام صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک گرانقدر اضافہ ہے، جس سے نوجوانوں کو جدید کھیلوں کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے یہ بات ایف ڈی اے سٹی کے دورے کے موقع پر شہریوں اور کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ نوجوان نسل میں پیڈل ٹینس کے بڑھتے ہوئے رجحان اور مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کورٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ منصوبہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا پیڈل ٹینس کورٹ بین الاقوامی معیارات کے عین مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جو نہ صرف شہر کے اسپورٹس کلچر میں ایک خوبصورت اضافہ ہے بلکہ پیشہ ور کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے بھی موزوں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شائقین کی حوصلہ افزائی کے لیے پیڈل ٹینس کھیلنے کی سہولت انتہائی رعایتی فیس پر فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ معاشرے کے تمام طبقات اس جدید کھیل سے مستفید ہو سکیں۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ ایف ڈی اے کا مقصد شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر کھیل کے میدانوں کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ ایک تندرست اور فعال معاشرہ تشکیل پا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس میں انٹرٹیمنٹ اور ریفریشمنٹ کے لئے فوری طور پر کیفے ٹیریا اور جوس کارنر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہریوں نے ایف ڈی اے کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے کھیل کے شعبہ میں فیصل آباد کے لیے ایک بہترین تحفہ قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں