FDAمیں”ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم”کا نفاذ،بتدریج عمل درآمد کا آغاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ایف ڈی اے میں “ای فائلنگ آفس آٹومیشن سسٹم “(E-FOAS)کا نفاذ کر دیا گیا ہے جس پر بتدریج عملدرآمد شروع ہے تاہم اس سسٹم سے متعلق سٹاف کی فنی آگاہی کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے زیر اہتمام تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عاصم محمود و دیگر افسران اور تمام شعبوں کے سٹاف اراکین تربیتی ورکشاپ میں موجود تھے۔ جوائنٹ ڈائریکٹر آپریشن (پی ٹی آئی ٹی بی )اشفاق علی اور پروگرام منیجر امر افتخار نے ای فائلنگ آفس آٹومیشن سسٹم کی تفصیلات اور اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار سے تفصیلی انداز میں آگاہ کیا تاکہ کامیاب انداز میں آن لائن دفتری خط و کتابت کی جاسکے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے پی آئی ٹی بی کی ٹیکنیکل ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ای فائلنگ آفس آٹومیشن سسٹم کو وقت کی انتہائی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ کافی عرصہ سے پیپرلیس ورکنگ کے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے اقدامات جاری ہیں اور اب حکومت پنجاب نے آن لائن دفتری خط وکتابت اور دستاویزات کی ترسیل کے لئے یہ سسٹم نافذ کر کے جدت کی جانب گرانقدر قدم بڑھایا ہے جس پر عملدرآمد کے لئے ایف ڈی اے کے سٹاف کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے افسران اور سٹاف سے کہا کہ وہ ای فائلنگ آفس آٹومیشن سسٹم پر مکمل دسترس حاصل کریں کیونکہ ترقی و مقابلے کے اس جدید دور میں اس سسٹم پر عملدرآمد کے بغیر گزارا ممکن نہیں۔ انہوں نے ایف ڈی اے افسران وسٹاف کو ای فائرنگ آفس آٹومیشن سسٹم پر احسن انداز میں عملدرآمد کے لئے تربیت فراہم کرنے پر پی آئی ٹی بورڈ کی ٹیکنیکل ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے کے دفتری وانتظامی نظام میں آٹومیشن پر عملدرآمد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔ تربیتی ورکشاپ کے دوران ٹیکنیکل ٹیم نے ای فائلنگ آفس آٹومیشن سسٹم پر عملدرآمد کے لئے فائل ریکارڈ روم قائم کرنے سمیت سرکاری سطح پر مختلف دفاتر سے خط و کتابت، سمری، مطلوبہ پورٹس و معلومات فراہم کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے آن لائن پیپر لیس دفتری کارروائی کا مقصد وقت کی بچت، ڈاک وایندھن کے خرچے سمیت دیگر متعدد اخراجات کا خاتمہ ہو گا اور فائل/ دستاویزات گم ہونے یا کارروائی میں تاخیر کے احتمال کا خاتمہ ہوگا اور کسی بھی دفتری خط و کتابت اور کارروائی کا فالواپ بہتر ہو سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں