FDAکے زیر اہتمام جشن آزادی منانے کیلئے سرگرمیاں تیز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایف ڈی اے کے زیر اہتمام جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے خصوصی سرگرمیاں جاری ہیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے کمپلیکس کو قومی پرچم کے تھیم کے مطابق سبز اور سفید برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ مختلف شاہرات پر قومی پرچم اور بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں جن کے ذریعے معرکہ حق، آپریشن بنیان المرصوص اور قومی فخر کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ایک اجلاس میں جشن آزادی کی سرگرمیوں پر عملدرآمد کاجائزہ لیا جس میں ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، یاسراعجاز چٹھہ، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود و دیگر افسران نے شرکت کی۔ قائمقام ڈی جی ایف ڈی اے نے جشن آزادی کے پروگرامز کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر وطن عزیز کی آزادی کے تاریخی دن کو ”حصول آزادی سے تحفظ آزادی تک” کے سلوگن کے تحت معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی عظیم کامیابیوں کے پس منظر میں منایا جا رہا ہے جس میں قوم کے دیگر طبقوں و اداروں کی طرح ایف ڈی اے کی طرف سے بھی بھرپور انداز میں حصہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس قومی دن پر خوشی، ملی اتحاد و یگانگت اور یکجہتی کے عملی پیغام کو مزید فروغ حاصل ہو۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کے زیراہتمام ”جشن آزادی مشاعرہ” گیارہ اگست کو ایف ڈی اے کمپلیکس میں منعقد ہوگا جس میں نامور شعراء کرام اپنے کلام کے ذریعے حب الوطنی کے جذبوں کو اجاگر، تحفظ آزادی کے تقاضوں، حصول پاکستان کے لئے قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے و دیگر اداروں کے اشتراک سے نہر رکھ برانچ میں فلوٹس رکھے جائیں گے جن میں مقامی و قومی ثقافت، تحریک آزادی کے مختلف پہلوئوں اور پاکستانی قوم کی بہادر افواج سے محبت، مختلف شعبوں میں عظیم کارناموں و کامیابیوں کی منظرکشی کی جائیگی۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ جشن آزادی کی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں