ایویان لے باں (مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس کے شہر ایویان لے باں میں منعقدہ 52 ویں جی 7 سربراہی اجلاس کے موقع پر ایک غیر معمولی صورتحال اس وقت بحث کا موضوع بن گئی جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مبینہ طور پر نظرانداز کرتے ہوئے دیکھا گیا۔اجلاس کے دوران دنیا کے طاقتور ترین رہنمائوں کی موجودگی میں پیش آنے والے اس مبینہ واقعے نے بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا کی توجہ فوری طور پر اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔ وائرل ہونے والے ان مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے متوجہ ہونے کی کوشش کے باوجود امریکی صدر آگے بڑھ جاتے ہیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طرح طرح کے تبصرے کیے جارہے ہیں۔سفارتی تجزیہ کار اسے دونوں رہنمائوں کے درمیان سرد مہری سے تعبیر کررہے ہیں، اس مبینہ واقعے کو موجودہ سفارتی تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔اس حوالے سے ابھی تک دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ یا سرکاری دفاتر کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم بین الاقوامی پریس میں اس وائرل لمحے پر بحث کا سلسلہ عروج پر ہے۔




