GHQحملہ کیس کا فیصلہ سناد یا گیا،عمر ایوب،مراد سعید،زلفی بخاری کو 10,10سال قید کی سزا

راولپنڈی(بیوروچیف) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے 47اشتہاری ملزمان کو 10، 10برس قید کی سزا سنا دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 9مئی جی ایچ کیو کیس کا فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے اشتہاری ملزمان کو قید کے ساتھ 5، 5لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی اور ان کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت سے سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور راشد شفیق شامل ہیں، اس کے علاوہ شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضی بھی ملزمان میں شامل ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی کو بھی قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سزا پانے والے ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پرحملوں میں ملوث پائے گئے، جے آئی ٹی رپورٹ نے ملزمان کو پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں ملوث مرکزی ملزم قرار دیا۔ ملزمان پر 9مئی کو جلائو گھیرائو، توڑ پھوڑ، پولیس پرحملوں اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے، مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی، 118ملزمان پر دسمبر 2024میں فرد جرم عائد کی گئی۔انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ مقدمے میں اب تک استغاثہ کے کل 44گواہان کے بیانات ریکارڈ ہوچکے ہیں، 118ملزمان میں 18ملزمان دوران ٹرائل عدالت سے مسلسل غیر حاضر پائے گئے، 29 ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔ رواں سال 8جنوری کو 47مفرور ملزمان کا اشتہار جاری کیا گیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اشتہاری ملزمان کو 7دن کے اندر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا موقع دیا۔ پراسیکیوشن نے19گواہان کے بیانات عدالت میں ریکارڈ کرائے جبکہ اسٹیٹ کونسل نے استغاثہ کے گواہان پر جرح بھی کی۔47اشتہاری ملزمان کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ سنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں