60

GTS اور ریلوے اسٹیشن چوک میں تلاشی پوائنٹ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چوکی طارق آباد کے کرپٹ اور نااہل عملہ نے جی ٹی ایس’ اسٹیشن چوک اور گرد ونواح میں سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کیلئے تلاشی پوائنٹ بنا لئے، دوسرے شہروں سے آنے والے مسافروں اور سادہ لوح شہریوں کو بلاوجہ روک کر تلاشی کے بہانے نذرانہ وصول کرنے لگے، مٹھی گرم نہ ہونے پر منشیات ڈال کر تھانے میں بند کرنے کی دھمکیاں’ چوکی انچارج طارق آباد اور تھانہ محرر مذکورہ کرپٹ اہلکاروں کی مکمل سرپرستی کرنے لگے۔ ذرائع کے مطابق چوکی طارق آباد میں تعینات پولیس اہلکاروں کے مخصوص ٹولہ صرف اسٹیشن چوک’ جی ٹی ایس چوک اور راجباہ روڈ پر ڈیوٹی لگواتا ہے۔ ٹرانسپورٹ اڈوں پر شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کی بجائے انکی نظریں ہمیشہ دوسرے شہروں سے آنے والے سادہ لوح مسافروں پر رہتی ہیں اور مذکورہ سادہ لوح شہریوں کو بلاوجہ روک کر تلاشی لینا شروع کر دیتے ہیں اور اگر کوئی مزاحمت کرے تو اسکو چوکی میں بند کرنے کی دھمکی دیتے ہیں۔ سادہ لوح شہریوں کے پرس اور جیبوں کی تلاشی لینے پر رقم نظر آ جائے تو اسکو للچائی نظروں سے دیکھتے ہیں اور اسکو ڈرا دھمکا کر نذرانہ وصول کرنے پر مجبور کرتے ہیں اور کئی مرتبہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ مذکورہ کرپٹ اہلکار اپنی جیب سے معمولی چرس اور ہیروئن ڈال کر مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے چوکی طارق آباد لے جاتے ہیں جس پر مذکورہ افراد نہ چاہتے ہوئے بھی نذرانہ دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئے روز ٹرانسپورٹ اڈوں’ اسٹیشن چوک’ راجباہ روڈ پر نوسربازوں کے ہاتھوں سادہ لوح شہری لٹتے رہتے ہیں اور چوکی طارق آباد کے عملہ نے نوسربازوں’ جیب تراشوں کو پکڑنے کی کوشش تک گوارا نہیں کی۔ شہری حلقوں نے آر پی او سرفراز فلکی’ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی سے مطالبہ کیا ہے کہ چوکی طارق آباد میں تعینات کرپٹ عملہ کے خلاف خفیہ انکوائری کروائی جائے اور اس میں ملوث کرپٹ اور نااہل پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں