MDواسا کی مون سون ریلیف کیمپ لگانے کی ہدایت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے شہر بھر میں تین روزکے دوران تمام مون سون ریلیف کیمپس لگانے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ ان ریلیف کیمپس پر تعینات سٹاف کی حاضری یقینی اور تمام ضروری سامان لازمی دستیاب ہونا چاہیے۔ یہ ہدایت انہوں نے ایم ڈی واسا فصل آباد کا چارج سنبھالنے کے بعد افسران سے بریفنگ لینے کے دوران کی۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل استعداد کار کے مطابق فنکشنل ہونے چاہئیں جبکہ بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل انتظامات مکمل کئے جائیں کیونکہ مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو نکاسی و فراہم آب کی معیاری سروسز مہیا کرنا ترجیحات میں سرفہرست ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے لار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون ریلیف کیمپس پر تعینات سٹاف مکمل یونیفارم، رین کوٹ ا ور شوز میں حاضر ہونا چاہیے اور تین روز کے بعد ان ریلیف کیمپس کا سرپرائز وزٹ کروں گا۔ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے ریونیو ریکوری میں اضافہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا واسا کے ماہانہ بلز کی ڈسٹری بیوشن میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہئے جبکہ ایسے علاقے جو بلز اور واجبات کی ادائیگی نہیں کر رہے ان کا سروے کروا کر ان سے ریکوری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے پینے کے صاف پانی کی ٹیسٹنگ کو بھی روزانہ کی بنیاد پر کروانے کی ہدایت کی۔ ایم ڈی واسا نے فارن فنڈڈ پراجیکٹ ایسٹرن ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور فرانچ سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹس پر کام تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز شعیب رشید، ثاقب رضا،اکرام اللہ چوہدری، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی مقبول احمد، ڈائریکٹر فنانس شہریار حسن، ڈائریکٹر آپریشنز مخدوم بابر، فاروق نجیب، ڈائریکٹر پی ایچ ایس شہباز لطیف، پراجیکٹ ڈائریکٹر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پراجیکٹ کامران رضا و دیگر نے اپنی ذمہ داریوں کے حوالے بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں