لاہور (بیوروچیف) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال، آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی، معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ اور حافظ فرحت عباس بھی موجود تھے۔ عمران خان اور چودھری پرویزالٰہی نے گورنرز کی جانب سے الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ آئین نگران سیٹ اپ، گورنرز اور الیکشن کمیشن کو 90 روز میں الیکشن کا پابند بناتاہے، جو آئین شکنی کا مرتکب ہوگا آئین میں اس کے خلاف راستہ موجود ہے، حکمران انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، ہم انشاء اللہ ان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وفاقی وزراء اور نگران سیٹ اپ کی شخصیات اعلانیہ آئین شکنی کے اشارے دے رہی ہیں، الیکشن میں تاخیر آئین شکنی ہوگی، آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے، حکمرانوں کی نااہلی کی سزا عوام کو بھگتنا پڑ رہی ہے، حکمران نے اپنے کیسز میں تو ریلیف لے لیا، عوام کیلئے انکے پاس کوئی ریلیف نہیں، ہر روز مہنگائی کانیا بم عوام پر گرایاجارہاہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ ہے۔
49