PIAکے کرایوں میں رعایت

اسلام آباد (بیوروچیف) قومی ایئرلائن نے رمضان المبارک کی خوشی میں اور عیدالفطر 2025سے قبل دو بین الاقوامی روٹس کے کرایوں میں نمایاں رعایت کا اعلان کردیا ۔رپورٹس کے مطابق قومی ایئرلائن نے ٹورنٹو سے کراچی کے ٹکٹوں پر 10فیصد جبکہ پیرس سے اسلام آباد کا سفر کرنیوالوں کے لیے کرایہ جات میں 15فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔ترجمان قومی ایئرلائن کے مطابق ٹورنٹو سے کراچی جانے والے مسافر 31مارچ تک اس پیشکش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس کی بکنگ 10مارچ تک کرانا ہوگی جبکہ پیرس سے ٹکٹوں کے لیے 2مارچ تک بکنگ کی جا سکتی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر 28فروری سے 16مارچ تک اس آفر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، خواہشمند مسافر آن لائن بکنگ بھی کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ یورپی یونین ایوی ایشن ریگولیٹر کی جانب سے پابندی ہٹانے کے بعد گزشتہ ماہ قومی ایئرلائن نے پیرس سے شروع ہونے والی یورپ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کی تھیں۔پائلٹس کے لائسنس سے متعلق تنازع کے بعد قومی ایئرلائن پر جون 2020میں یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا کے لیے پروازوں پر پابندی لگادی گئی تھی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ حکومت پاکستان مارچ 2025میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے اظہار دلچسپی رکھنے والوں کو مدعو کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں