PPکا بلدیاتی انتخاب میں حصہ لینے کیلئے لائحہ عمل مرتب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں متوقع بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اپنا لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے ،اس سلسلہ میں صوبہ بھر کی ضلعی و مقامی تنظیموں کو عملی اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ہیں ۔فیصل آباد میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی سٹی کے صدر رانا نعیم دستگیر خاں کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سٹی سیکرٹریٹ واقع وزیر خاں والی میں منعقدہ ماہانہ اجلاس میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات اور متوقع لوکل باڈیز کے انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی قیادت کے احکامات کی روشنی میں اہم ترین فیصلے کئے گئے۔ اس اجلاس میں جنرل سیکرٹری میاں اشفاق حسین ۔ سینئر نائب صدر شیخ محمد اسلام ۔ سیکرٹری اطلاعات رانا خاور جاوید ۔ ڈپٹی سیکرٹری افتخار حلیم نے بھی اپنی تجاویز سے نوازا ۔ رانا نعیم دستگیر خاں ۔ میاں اشفاق حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں پارٹی قیادت کی ہدایت بموجب ہمارے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں نے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی مقررہ وقت کے دوران ہی واپس لے لیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کا ہر فیصلہ ہمارے لئے بیحد مقدم ہے ۔ مزید براں اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ عنقریب تنظیمی معاملات اور ذیلی تنظیموں کے ڈھانچے کی تشکیل نو کے سلسلہ میں معاملات کا جائزہ لیکر تنظیم نو کے کام کو مکمل کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اتفاق رائے سے فیصلے کئے ہیں اور آئندہ بھی ہم اپنے فیصلوں کو جمہوری انداز میں ہی کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق ہی مزید پیش رفت جاری رکھیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں