THQ ہسپتال جڑانوالہ کے ریکارڈ کی آڈٹ رپورٹ تیار

جڑانوالہ(نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر 5رکنی انکوائری ٹیم نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ریکارڈ کی چھان بین کی آڈٹ رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو بھجوا دی،مرتب کردہ رپورٹ کی روشنی میں اختیارات کا مبینہ طور پر ناجائز استعمال کرنیوالے 2ڈاکٹرز کو نوکری سے برخاست کئے جانے کا امکان،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے ریکارڈ کی چھان بین کی انکوائری کے احکامات جاری کئے تھے جس پر 5رکنی کمیٹی کے ارکان نے جڑانوالہ آمد پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا تھا اور تمام ریکارڈ اپنے ساتھ لے گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق 5رکنی انکوائری کمیٹی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ریکارڈ کی چھان بین کرتے ہوئے آڈٹ رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نادیہ ثاقب کو ارسال کر دی ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مرتب کردہ رپورٹ میں مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرنیوالے ڈاکٹرز سٹاف کا تعین کیا گیا ہے اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو سفارش کی گئی ہے کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنیوالے ڈاکٹرز و سٹاف کو نوکریوں سے برخاست کیا جائے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ 5رکنی انکوائری ٹیم کی مرتب کردہ رپورٹ کی روشنی میں مبینہ طور پر 2ڈاکٹرز کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کی پاداش پر نوکری سے برخاست کئے جانے کا امکان ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر،سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر نادیہ ثاقب سے مطالبہ کیا ہے کہ اختیارات کا مبینہ طور پر ناجائز استعمال کرنیوالے ڈاکٹرز و سٹاف کو فی الفور نوکریوں سے برخاست کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں