UAEکی جیلوں میں3523پاکستانی قید

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی ہیں۔ وزارت خارجہ کی جانب سے پیش کی گئیں تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں اس وقت 3 ہزار523پاکستانی شہری قید ہیں، 1050 پاکستانی شہری ابو ظہبی کی مختلف جیلوں اور بحالی مراکز میں قید ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نومبر 2025 تک 769 قیدیوں کو قانونی معاونت فراہم کی گئی، پاکستانی قیدیوں کیلیے معافی کی درخواستیں باقاعدگی سے ارسال کی جاتی ہیں، 2025 میں ابو ظہبی حکومت کو 350 معافی کی درخواستیں جمع کروائی گئیں۔ نومبر 2025 کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران دنیا بھر میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کی گئی تھیں،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ سعودی عرب میں 11 ہزار 9 پاکستانی قیدی مختلف جیلوں میں قید ہیں، پاکستانی سفارتخانہ ریاض کے دائرہ کار میں 5 ہزار 297 جبکہ مغربی حصے میں 5 ہزار 712 پاکستانی قیدی موجود ہیں، تمام قیدیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے مزید بتایا تھا کہ یو اے ای میں 21 لاکھ 80 ہزار پاکستانی رہائش پذیر ہیں جو یو اے ای میں دوسری بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابو ظہبی اور دبئی میں موجود پاکستانی سفارتی مشنز کمیونٹی کو مکمل قونصلر اور فلاحی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں