فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی رجسٹرڈ فیصل آباد کے زیرِ اہتمام دو روزہ فری آئی کیمپ لگایا گیا جس میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی ٹرسٹ کراچی کے مرکزی پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں مفت آئی کیمپس کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی خصوصی میڈیکل ٹیم نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔ حاجی لیاقت علی تنویر چیئرمین مالیاتی امور پنجاب، ڈاکٹر محمد سعید طاہر رابطہ سیکرٹری پنجاب، ضلعی صدر پروفیسرمحمد رحمت اللہ سیالوی، محمد رفیق لودھی، حاجی محمد یونس، حاجی محمد عمران، ملک رضوان و دیگر المصطفیٰ رضاکاروں نے ان کا استقبال کیا اس دو روزہ فلاحی سرگرمی کے دوران فیصل آباد اور گردونواح کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریبا 1600 مریضوں نے المصطفیٰ کے اسکریننگ کیمپس اور کیپٹن اسامہ شہید میڈیکل کمپلیکس ایڈن گارڈن گیٹ نمبر 3 خیابان کالونی نمبر 3 میں اپنی آنکھوں کا مفت معائنہ کروایا، جبکہ ان میں سے تقریبا 210 مریضوں کی سرجری کی گئی۔مستفید ہونے والے مریضوں کا تعلق جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، جسوانہ، سمندری، پینسرہ، بنگلہ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، کھرڑیانوالہ ، ڈجکوٹ، شاہکوٹ اور فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں سے تھا، جن میں مدینہ ٹائون، منصور آباد، علی ٹائون، مانانوالہ، کینال روڈ، گٹ والا، 204 چک، 209 چک، 208 چک، نشاآباد، طارق آباد، ڈھڈی والا، عبداللہ پور، امین پور، امین ٹائون، بھائی والا، گٹی، ملک پور، غلام محمد آباد اور جھنگ روڈ کے ملحقہ علاقے شامل ہیں۔ اس موقع پر مختلف سماجی شخصیات نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے منظم، موثر اور انسان دوست طریق کار کو سراہا۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے کھانے کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا۔مفت طبی سہولیات سے مستفید ہونے والے مریضوں اور ان کے لواحقین نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا اور فیصل آباد کے رضاکاروں کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی و سرپرست حاجی محمد حنیف طیب کے لیے بھی صحت، سلامتی، درازی عمر بالخیر اور مزید کامیابیوں کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔یہ عظیم فلاحی سرگرمی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو پوری لگن اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔اللہ تعالیٰ اس مشن کو مزید وسعت عطا فرمائے، تمام معاونین، ڈاکٹرز، طبی عملے اور رضاکاروں کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ آمین۔




