لاہور (بیوروچیف)اینٹی لٹرنگ سکواڈ کے ذریعے ای چالان کا آغاز کر دیا گیا۔شہر میں صفائی کا معیار برقرار رکھنے اور لاہور کو ویسٹ فری بنانے کیلئے ستھرا پنجاب نے بڑا اقدام کرتے ہوئے شہر بھر میں اینٹی لٹرنگ سکواڈ کے ذریعے ای چالان کا آغاز کر دیا۔اس سلسلے میں لبرٹی چوک پر آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور سی ای او ستھرا پنجاب شہریار عارف خان نے خصوصی شرکت کی۔سی ای او ستھرا پنجاب شہریار عارف خان نے کہا کہ یکم ستمبر 2026سے شہر میں کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کیخلاف ای چالان کے ذریعے وارننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے، شہر کی سڑکوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ سکواڈ کے دستے گشت پر مامور کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف ابتدائی طور پر براہِ راست کارروائی کرنے کے بجائے وارننگ اور آگاہی فراہم کی جائے گی، تاہم صفائی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہریار عارف خان نے بتایا کہ سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے اور اسے جلانے والوں کو بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے، کارروائی پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور ستھرا پنجاب اتھارٹی ایکٹ 2026 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔




