اے سی صدف اکبر کا ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر کا معائنہ،ناقص صفائی پر اظہار برہمی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر کا “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت شہر کا معائنہ، ناقص صفائی پر اظہارِ برہمی گوجرہ۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی گوجرہ اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ صدف اکبر نے “ستھرا پنجاب” پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر بلدیہ گوجرہ سید یاسر اور سروس پرووائیڈر کے مینجر آپریشن بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورانِ معائنہ اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے شہر کی صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے متعدد مقامات پر نالیوں کی نامناسب صفائی پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مینجر آپریشن کو واضح ہدایت کی کہ آئندہ دس روز کے اندر نالیوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس فلاحی پروگرام کے فوائد ہر شہری تک پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابل قبول ہوگی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے عمل کو مزید موثر بنائیں اور “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت مقرر کردہ اہداف کو جلد از جلد حاصل کریں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ وہ شہر کو صاف رکھنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں اور کچرا صرف مخصوص جگہوں پر ہی پھینکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں