ساہیوال (بیورو چیف ) ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں زیر تعمیر ڈرین کے کامو ں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گول چکر اور اس کے گردونواح میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معا ئنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد عمران خان اور واسا افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ واسا افسران نے جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت، تعمیراتی مراحل اور منصوبے میں استعمال ہونے والے میٹریل کی اقسام اور معیار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیا جائے، کام کے دوران حفاظتی اقدامات کا خاص خیال رکھا جائے اور شہریوں کی سہولت کے لیے مناسب مقامات پر سائن بورڈز نصب کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے پائلٹ اسکول کے گردونواح میں جاری ترقیاتی کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھدائی کے دوران گردوغبار سے بچاؤ کے لیے پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ شہری جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔




