شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے سو فیصد بچوں کو سکولوں میں لانے کی ضرورت ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ( نامہ نگار )تعلیم پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، ہر گائوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک گائوں میں تعلیمی میدان میں ہونیوالی پیش رفت پورے پنجاب اور پاکستا ن کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے،اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے گورنمنٹ ہائی سکول میں منعقدہ سالانہ سپورٹس تقریب اور تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم پاکستان کا بنیادی اور سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اگر ملک کے مسائل کی ترجیحات کا تعین کیا جائے تو تعلیم پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آتی ہے۔ شرحِ خواندگی میں اضافے اور سو فیصد بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آج ملک کو جمہوریت، ریاستی استحکام، دہشت گردی اور دیگر متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم قوم کی حقیقی خدمت تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں ہے۔ انہیں اس بات پر خوشی اور حیرت ہوئی کہ ایک دور دراز گائوں میں تعلیمی میدان میں ایسی قابلِ ذکر پیش رفت کی گئی ہے، جہاں نہ صرف کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں بلکہ طلبہ کے امتحانی نتائج بھی تقریبا 95 فیصد ہیں۔انہوں نے کہا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ملک میں تقریبا ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں