فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) ناقص تعلیمی نتائج پر صرف ہیڈ ماسٹرز ہی نہیں بلکہ متعلقہ مضامین پڑھانے والے اساتذہ کے خلاف بھی پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ بہترین نتائج دینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو سراہا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد رائو عبدالکریم نے ایجوکیشن رپورٹر رانا شاہد مقرب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2026-27 کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں ناقص نتائج کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ کمزور نتائج کی صورت میں صرف ہیڈ ماسٹر کو ذمہ دار قرار دینے کے بجائے ان طلبہ و طالبات کو پڑھانے والے متعلقہ اساتذہ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور غفلت ثابت ہونے پر ان کے خلاف بھی پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔را عبدالکریم نے کہا کہ اساتذہ طلبہ و طالبات کے مستقبل کے معمار ہیں، اس لیے انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے خلوص نیت اور محنت سے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔ سرکاری سکولوں کو معیاری تعلیمی ادارے بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے محکمہ تعلیم کے افسران، ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ کو مل کر بھرپور محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی عزت و تکریم ہماری اولین ترجیح ہے، تاہم تعلیمی معیار اور طلبہ کے مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ جو اساتذہ بہترین تعلیمی نتائج دیں گے، ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی تاکہ مثبت اور صحت مند تعلیمی مسابقت کو فروغ دیا جا سکے۔سی ای او ایجوکیشن را عبدالکریم کا مزید کہنا تھا کہ بہتر تعلیمی نتائج ہی کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد بنتے ہیں، لہذا سرکاری سکولوں میں معیارِ تعلیم بلند کرنے اور طلبہ و طالبات کو کامیاب مستقبل فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔




