اسلام آباد(بیوروچیف) پاکستان کے توانائی شعبے کا سرکلرڈیٹ 5 ہزار 206 ارب روپے پر پہنچ گیا، اس میں گیس شعبے کا 3 ہزار 442 ارب روپے اور بجلی شعبے کے سرکلر ڈیٹ کا حصہ ایک ہزار 764 ارب روپے بنتاہے۔آئی ایم ایف نے تازہ رپورٹ میں پاکستان کے توانائی شعبے کے سرکلرڈیٹ کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، آئی ایم ایف کی رپورٹ کیمطابق سال 2026 کے اوائل تک بجلی اورگیس کو ملاکر توانائی شعبے کا سرکلرڈیٹ 5 ہزار 206 ارب روپے پر پہنچ گیا ہے۔پاکستان کا توانائی کا شعبہ مالی دباو کا سامنا کر رہا ہے، حکومت ٹیرف میں اصلاحات اور سبسڈی کے نظام کو معقول بنانے کے اقدامات پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت باقاعدہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ، غیر ٹارگٹڈ سبسڈیز مرحلہ وار ختم کرنے اور بجلی کے شعبے میں جمع شدہ قرضے کو سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے واجبات میں تبدیل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ اصل قرض کی ادائیگی کے لیے بجلی صارفین پر اضافی سرچارج عائد کرنے جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔




