فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری اورممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان حافظ محمد امجد نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں جشن عید میلاد النبی ۖ کے انتظامات اور امن و امان کے سلسلے میں مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ،آرپی او سہیل اختر سکھیرا،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق کے علاوہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔اجلاس میں مولانا محمد ریاض کھرل،جعفر نقوی،سید حسنین شیرازی،علامہ طاہر الحسن،یاسین ظفر، عاشق حسین رضوی،اسلم بھلی اور امن کمیٹی کے دیگر ارکان کے ساتھ عید میلاد النبی جلوسوں کے منتظمین نے شرکت کی۔چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر میں عید میلاد النبی ۖ شایان شان طریقے سے منانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے دورے کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے یوم ولادت کے موقع پر بھرپور انتظامی وحفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے تمام مسالک کے علمائے کرام پر زور دیاہے کہ وہ مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں تاکہ کوئی شرپسند عنصر فائدہ نہ اٹھا سکے۔انہوں نے کمشنر فیصل آباد کی قیادت میں چاروں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کو سراہا۔کمشنر فیصل آباد نے متحدہ علما بورڈ کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم بھرپور عقیدت اور احترام سے منایا جائے گا جس کے لئے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں اور علما کرام سمیت منتظمین سے رابطہ میں ہیں۔انہوں نے منتظمین کی نشاندہی پر ایڈمن آفیسر ڈی سی آفس اور میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر کو جلوسوں کے روٹس پر جاری تعمیر ومرمت کے کاموں کو12 ربیع الاول سے قبل مکمل کرانے اور بازاروں میں جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کو محفوظ بنانے کا ٹاسک تفویض کیا۔کمشنر نے ممبر امن کمیٹی کے سوال پر وضاحت پیش کی کہ نیاز کے لئے 75 مائیکرون سے کم وزن شاپر بیگ استعمال نہ کریں کیونکہ کم وزن شاپر بیگز نہ صرف انسانی صحت کے لئے مضر ہیں بلکہ ماحول کو بھی آلودہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیاز کی تقسیم کے لئے75 مائیکرون وزن سے زیادہ والے شاپر استعمال کئے جائیں۔آرپی او نے ڈویژن میں سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ12 ربیع الاول کے متبرک دن کسی کو امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان نے میٹنگ کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔علما کرام اور منتظمین نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے یوم ولادت کا جشن بھرپور انداز میں منائیں گے اور ڈویژن میں تمام علما کرام آپس میں متحد و متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ آقائے دو عالم ۖسے محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے۔اس موقع پر ملک وقوم کی ترقی اور سربلندی کی دعا بھی کی گئی۔




