عید میلاد النبیۖ پر سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائینگے،ڈپٹی کمشنر سرگودھا

سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ۖ کے بابرکت موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی، محافل اور جلوسوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات اور شہر کو شایانِ شان انداز میں سجانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔12 ربیع الاول کے موقع پر شہر بھر میں بھرپور چراغاں، صفائی ستھرائی، خوبصور تی اور سجاوٹ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عید میلاد النبی ۖ کی مناسبت سے مذہبی جوش و جذبے کیساتھ ایک خوبصورت اور پُرامن ماحول قائم ہو۔ اس امر کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ۖ کے سلسلہ میں سکیورٹی، انتظامی امور اور امن و امان کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز احمد مغیث سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور انتظامی سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عید میلاد النبی ۖ کے تمام جلوسوں اور محافل کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور اسکریننگ کا مؤثر نظام قائم کیا جائے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اشتعال انگیز یا نفرت پر مبنی تقاریر، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سوشل میڈیا کی بھی مؤثر اور سخت مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی شرپسندی یا اشتعال انگیزی کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔ حسین احمد رضا چودھری نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس سے تمام تجاوزات فوری ختم کی جائیں اور راستوں کو صاف ستھرا، کشادہ اور خوبصورت بنایا جائے۔ واسا کو ہدایت کی کہ مین ہولز اور دیگر کھلے مقامات مکمل طور پر کور کیے جائیں، جلوس روٹس سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے اور بہترین صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے۔ روٹس اور اہم مقامات پر مناسب روشنی، خوبصورت سجاوٹ اور چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس اور محافل کے مقامات پر میڈیکل کور، ریسکیو اور ٹریفک کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔ میلاد جلوسوں کے روٹس پر سبیلیں قائم کی جائیں، شہریوں میں مٹھائی تقسیم کرنے کے انتظامات کیے جائیں جبکہ آتش بازی کے مقررہ مقامات پر بھی تمام ضروری حفاظتی اور طبی سہولیات دستیاب ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرکاری و نجی عمارتوں، بازاروں، اہم شاہراہوں اور مرکزی مقامات کو خوبصورت لائٹنگ اور چراغاں سے سجایا جائے گا۔ شہر کی برانڈنگ کے لیے خوبصورت بینرز اور عید میلاد النبی ۖ کی مناسبت سے دیدہ زیب سجاوٹ کی جائے گی۔ بازاروں اور اہم تجارتی مراکز کو بھی خصوصی طور پر سجایا جائے گا جبکہ بہترین لائٹنگ اور سجاوٹ کرنے والی سرکاری و نجی عمارتوں اور اداروں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں بھی عید میلاد النبی ۖ کی مناسبت سے محافل، تقریری اور تحریری مقابلوں کا انعقاد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سکولوں اور کالجز کی عمارتوں کو خوبصورتی سے سجانے اور روشن کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ سٹریٹ لائٹس مکمل طور پر فعال رکھی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاول کے دوران بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے حتی الامکان گریز کیا جائے اور متعلقہ محکمے اس حوالے سے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے واسا حکام کو جلوسوں کے روٹس پر تمام مین ہولز کور رکھنے، صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے اور متعلقہ علاقوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ۖ محبت، عقیدت، اخوت اور امن کا پیغام دیتا ہے، اس لیے تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں اور جشن میلاد النبی ۖ کو شایانِ شان، پُرامن اور خوبصورت انداز میں منانے کے لیے جامع انتظامات یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں