جماعت اسلامی کا دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

لاہور (بیوروچیف) جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا آٹھویں روز میں داخل ہوگیا، کارکنان کی تعداد میں کمی کے باعث احتجاجی سرگرمیاں بھی محدود رہیں۔لاہور کے مال روڈ چیئرنگ کراس پردھرنا آٹھویں روز بھی جاری ہے۔ گزشتہ دنوں کی نسبت دھرنے میں کارکنان کی تعداد کم دکھائی دی، جس کے باعث احتجاجی سرگرمیاں بھی محدود رہیں۔دھرنے کے باعث فیصل چوک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ شہریوں کی آمدورفت کے لیے سروس روڈ سے متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے۔جماعت اسلامی کے کارکنان نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ جماعت اسلامی نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی ٹیکس فوری ختم کرنے، گیس، روٹی اور بجلی کی قیمتیں کم کرنے اور ملک میں بڑھتی مہنگائی پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔جماعت اسلامی کی جانب سے بجلی کے آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات جائز ہیں تو حکومت کو مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے، تاہم طویل دھرنے کے باعث روزمرہ آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ احتجاج کا حق برقرار رکھتے ہوئے عوام کے لیے متبادل ٹریفک راستے مثر اور بحال رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں