ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا ، جس میں پرائس کنٹرول، انسداد تجاوزات آپریشن اور “زیادہ گندم اگائو”انعامی سکیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع میں ایجنڈا اٹیمز پر پیش رفت اور مستقبل کے اقدامات کا احاطہ کیا گیا۔ کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو رمضان المبارک کی طرح فعال کردار جاری رکھنے اور ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا از سر نوجائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر خاص نظر رکھی جائے۔ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو پرائس مجسٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لے کر رپورٹ ان کے دفتر بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے جاری انسداد تجاوزات آپریشن کی تفصیلات اور مستقبل کی منصوبہ بندی بارے آگاہ کیا جبکہ ڈائریکٹر زراعت نے زیادہ گندم اگائو انعامی مقابلے بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں کے علائوہ اے ڈی سی آر ، اے ڈی سی جی، زراعت ، خوراک اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں