ٹوبہ ٹیک سنگھ( نامہ نگار )ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے کمالیہ میں ریڑھی بان خاتون کو جوتا مارنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر کمالیہ گرفتار ،تفصیل کے مطابق ریسکیو15کی کال پر ایس ایچ او تھانہ صدر کمالیہ سب انسپکٹر عمران غفور نے مل فتیانہ کے علاقے میں عوام کی موجودگی میں چوری کے شبے پر ریڑھی بان خاتون سے مبینہ طور پر بدسلوکی کی اور جوتا مارا، ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سخت نوٹس لے لیا۔اور آئی جی کے حکم پر ایس ڈی پی او سرکل کمالیہ کی مدعیت میں سب انسپکٹر عمران غفور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد اسے پہلے ہی معطل کرکے محکمانہ انکوائری بھی شروع کردی گئی تھی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے بدسلوکی کے مرتکب اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔




