سٹیویا کا استعمال شوگر کے مریضوں کیلئے مفید

کراچی ( بیو رو چیف )زیرو کیلوری رکھنے والی میٹھاس اسٹیویا ذیابیطس کا شکار افراد یا وزن میں کمی کے خواہشمند افراد میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔اسٹیویا پودے سے حاصل ہونے والا قدرتی میٹھا ہے جو عام چینی سے150سے 300 گنا زیادہ میٹھاس رکھتا ہے لیکن اس میں کیلوریز نہ ہونے کے برابر ہیں۔مختلف تحقیقی مشاہدات میں اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ خالص اور بغیر پروسیس شدہ اسٹیویا خون میں شوگر کی سطح نہیں بڑھاتا اور انسولین کے عمل کو بہتر بنا سکتا ہے۔ذیابیطس ایک پیچیدہ بیماری ہے جس میں جسم کا نظام خون میں شوگر کو کنٹرول کرنے میں مشکل محسوس کرتا ہے۔ اسٹیویا میں موجود بائیو ایکٹیو مرکبات ناصرف اسے میٹھا بناتے ہیں بلکہ مختلف ممکنہ طبی فوائد بھی فراہم کرتے ہیں ۔اسٹیویا کا استعمال زیرو کیلوری ہونے کی وجہ سے وزن میں اضافے کا سبب نہیں بنتا۔خون میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ بلڈ پریشر میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات جسم میں آکسیڈیٹو اسٹریس کم کرتی ہیں اور اینٹی مائیکروبیل اثرات بعض جراثیمی انفیکشن سے بچا میں مدد دیتے ہیں۔کچھ مطالعات میں اسٹیویا کے مرکب اسٹیو سائیڈ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ نظامِ ہاضمہ میں ٹوٹتا نہیں جو اس کے طبی فوائد کی وضاحت کرتا ہے۔تحقیقی مشاہدات کے مطابق غیر پروسیس شدہ اسٹیویا پاڈر کی روزانہ محفوظ مقدار تقریبا ایک چائے کا چمچ بنتی ہے تاہم ہر فرد کی صحت، خون میں شوگر کی سطح اور ذیابیطس کی قسم مختلف ہوتی ہے، اس لیے اس کے استعمال سے قبل ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔کسی بھی طرح کی نئی مٹھاس اپنے معمول میں شامل کرتے وقت مقدار کم رکھ کر آغاز کرنا بہتر ثابت ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں