لاہور( شوبز نیوز)ماضی کی نامور مزاحیہ اداکار سکندر صنم کی 14ویں برسی 5 نومبر کو منائی جائے گی۔ سکندر صنم کا اصل نام محمد سکندر تھا اور انہوں نے اپنی منفرد مزاحیہ اداکاری، برجستہ جملوں اور نقل اتارنے کی صلاحیت کے باعث شوبز میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے اسٹیج ڈراموں سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور عمر شریف سمیت نامور فنکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔ انہیں بھارتی فلموں کی مزاحیہ پیروڈی پیش کرنے سے خصوصی شہرت ملی، خصوصاً فلم تیرے نام کی پیروڈی نے انہیں ملک بھر میں مقبولیت دلائی۔ ان کی کامیڈی میں بے ساختہ انداز، منفرد کردار نگاری اور حاضرین کو محظوظ کرنے کی بھرپور صلاحیت نمایاں تھی۔ سکندر صنم نے اسٹیج کے ساتھ ٹیلی ویژن اور ویڈیو فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ سکندر صنم 5 نومبر 2012 کو کراچی میں جگر کے کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔




