فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت فیصل آباد شہرکے پارکس اور گرین بیلٹس کی سرسبز وشادابی کے ساتھ چوکوں میں دیدہ زیب ماڈلز کی تنصیب کے علاوہ خوبصورتی کے شاہکار بنانے کے لئے دو مراحل میں اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرصدارت ہارٹیکلچر ایجنسی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلہ میں مجموعی طور پر32منصوبوں میں سے 19 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔اسی طرح دوسرے مرحلہ میں اکبر آباد چوک، کلیم شہید پارک، ملت چوک، ٹریٹ بیکری، عبداللہ پل، ڈی گرائونڈ، شہباز شریف پارک، باغ جناح، کینال روڈ اور سمندری روڈ پرکینال ٹریک پر ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کام جاری ہیں۔ان منصوبوں میں ٹرائینگلز، گزیبوز، کرکٹ ایریا، پیڈل کورٹس، واکنگ ٹریک اور سکیٹنگ ایریا کی تعمیر سمیت مختلف پارکس کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے اقدامات شامل ہیں۔اجلاس کو فیز ٹو کے مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا کہ کمال پور انٹرچینج، کوتوالی روڈ، پینگاں والی گرائونڈ، پائپاں والا پل کینال روڈ اور نڑوالا روڈ، کینال روڈ پر بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔فیز ٹو میں کریسنٹ پارک اور باغ جناح کی بحالی، دکن پارک میں واش رومز اور جم سیٹ کی تنصیب بھی شامل ہے جبکہ پی ایچ اے اولڈ آفس، سکوئر کینال کے سامنے نان مکینیکل پارکنگ کے امور بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے متعلقہ افسران کو فیز ٹو کے تمام منصوبوں پر فوری کام شروع کرنے اور جاری ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے مربوط اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ایم ڈی دلاور خان سمیت ہارٹیکلچر ایجنسی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔




