اسلام آباد (بیوروچیف) مسلم لیگ ن کے سینئر لیڈر، وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے لئے ریفرنڈم 2027کے اوائل میں ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبے پورے ملک میں بننے چاہئیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث کے نتائج مثبت ہوں گے، ریفرنڈم نئے سال کے اوائل میں ہونے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی وقت نہیں دے سکتا۔ اور میں سمجھتا ہوں کہ نئے صوبے پورے ملک میں بننے چاہییں۔خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں سے متعلق جو بحث جاری ہے، اس کی کوئی نہ کوئی شکل جلد سامنے آجائے گی۔ ریفرنڈم کی تجویز پر کئی باتیں سامنے آرہی ہیں اور اس حوالے سے رابطے بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم زیادہ دور کی بات نہیں، انشااللہ نئے سال کے اوائل میں ہوجائے گا، تاہم وہ اس کا حتمی وقت نہیں دے سکتے۔خواجہ آصف کے مطابق مشترکہ پلیٹ فارم پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے شامل ہوگی اور جن معاملات پر اختلاف ہوگا، ان پر متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کوشش ہوگی کہ ریفرنڈم میں جو بھی سوال رکھا جائے، اس کے مقاصد واضح کیے جائیں۔ آئین میں ریفرنڈم کا طریقہ کار درج ہے اور اس سے انحراف نہیں کیا جاسکتا۔خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر سامنے آنے والے ردعمل کی روشنی میں مشترکہ دستاویز تیار کی جائے گی اور اسے حتمی شکل تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامی یونٹس سے متعلق بات چیت گزشتہ 4 سے 5 ماہ سے جاری ہے، تاہم ان کے خیال میں ابھی تک کوئی دستاویز تیار نہیں ہوئی۔18ویں ترمیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اس ترمیم کے ذریعے اختیارات کی منتقلی کا جو تاثر دیا گیا تھا، اس پر عمل نہیں ہوا۔ وفاق سے آنے والا پیسہ بلدیاتی اداروں تک پہنچنا چاہیے . ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم پر بھنگڑا ڈالا جاتا رہا کہ ہم نے تاریخ رقم کردی، آج بھی اس کا کریڈٹ لیا جاتا ہے، لیکن اس کی روح نکال لی گئی ہے۔خواجہ آصف نے واضح کیا کہ سندھ یا پنجاب کی تقسیم سے متعلق باتیں درست نہیں، ان کے خیال میں نئے صوبے پورے پاکستان میں بننے چاہییں۔




