فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الفقیر محمد امجد ظہیر المعروف حضرت وکیل سرکار محمدی سیفی نے کہا ہے کہ 12ربیع الاول حضور نبی کریمۖ کی ولادت باسعادت کا دن ہے’ عاشقا ن مصطفیۖ اس دن خوشیاں مناتے ہیں گھروں میں چراغاں کرتے ہیں’ بلاشبہ عشق رسولۖمومن کا عزیز ترین اثاثہ ہے’ ایمان کا اولین تقاضہ یہی ہے کہ دنیا کی ہر شے اور کائنات رنگ و بو کی تمام رعنائیوں اور رشتو ںسے بڑھ کر ذات مصطفےٰ ۖسے محبت کی جائے کیونکہ جس شخص کا سینہ حب رسول ۖکا امین نہیں وہ سب کچھ ہو سکتا ہے مگر مومن نہیں ہو سکتا’ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی فلاح کا انحصار اسوہ رسولۖ کو اپنانے میں ہے’ پیغمبر اسلام کا اسوہ حسنہ زندگی سنوارنے کا بے مثال نمونہ ہے’ خود کو اسوہ رسول ۖکے تابع کرنا حب رسولۖ کا لازمی تقاضا ہے’ عشق رسولۖ کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں اور نبی کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے لئے ضروری ہے کہ سچے اور پکے مسلمان بن جائیں ۔ اگر ہم اپنی زندگی سیرت طیبہ کے مطابق گزارتے ہیں تو یہی ہمارے لئے حقیقی نجات ہے ‘ انہوں نے کہا کہ بہترین مسلمان وہ ہے جس کے ہا تھ اور زبان سے دوسرے محفوظ رہیں لہذا ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں پر صدق دل سے عمل پیرا ہونا چاہئے ‘اللہ تعالیٰ نے اپنا محبوب عطا کرکے ہم پر احسان کیا ہے اس پر ہم ذات باری تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے ہمیں چاہے کہ نبی آخرالزمان کے اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالیں اور درود وسلام کے نذارنے پیش کرنا اپنا معمول بنا لیں تاکہ ہمارا شمار بھی عاشقان مصطفیۖ میں ہو ‘ ہم حضورۖ پاک کے بتائے ہوئے راستے اور طریقہ زندگی گزارنے کے اصولوں پر عمل کریں اور سنت نبویۖ پر عمل کرتے ہوئے دین اور دُنیا اور آخرت میں بھی سرخرو ہوں۔کل آستانہ عالیہ مرشد آباد جھنگ روڈ بعد نماز ظہر عید میلاد النبیۖ کے سلسلہ میں جلوس نکالا جائیگا۔




