1

عوامی شکایات کا ازالہ پولیس کی ترجیح ہے

کمالیہ(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے ایک ہی دن میں کمالیہ کے تین مختلف مقامات پر کھلی کچہریاں منعقد کیں جہاں انہوں نے عوام کے مسائل خود سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے ۔تفصیلات کے مطابق کھلی کچہریاں ٹی ایم اے ہال کمالیہ، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول جکھڑ اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول 712گ ب میں منعقد کی گئیں ، جن میں علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہریوں نے پولیس سے متعلق مختلف مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں جن پر ڈی پی او فضل عباس نے سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے ختم کرنا اور انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہری بلا جھجھک اپنے مسائل اعلی حکام تک پہنچا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں