فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف جارحانہ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں بھاری مشینری ،افرادی قوت اور پولیس فورس کے ہمراہ ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے دو دن کی مسلسل کارروائی کے دوران ستیانہ روڈ اور گردو نواح میں چوبیس غیرقانونی ہائوسنگ کالونیوں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی اور موقع پر ان کے ناجائز تعمیرات کو مسمار کرکے دفاتر کوسیل کرکے وہاں مسے تعمیراتی و دفتری سامان اٹھا کر قبضہ میں لے لیاگیا جبکہ کارسرکار میں مداخلت کرنے پر دو افراد کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے گئے۔ یہ جارحانہ آپریشن میں ایف ڈی اے کو ضلعی انتظامیہ کا اشتراک حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے ایف ڈی اے حکا م کو غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف نتیجہ خیز کریک ڈائون کرنے کا حکم جاری کرکے ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکو تمام تر قانونی ، انتظامی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی طرف سے غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے اہداف مقررکر دیئے گئے جن پر روزانہ کی بنیاد پر عمل کرتے ہوئے کارروائی رپورٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو بھیجی جارہی ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیرنگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں شہزاد قمر کی سربراہی میں انسپکٹرزاسلم انصاری ، ثنا اللہ، اسلم گجر ودیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ نے کرین، ایکسکیویٹر و دیگر مشینری اور پولیس فورس کے ہمراہ ستیانہ روڈ اور گردونواح کے علاقوں میں دو دن مسلسل گرینڈ آپریشن کیا اس دوران چک نمبر235رب، 236رب، چک نمبر 238 رب، چک نمبر239 رب، چک نمبر215رب ، چک نمبر225رب ، 226رب ، چک نمبر71رب اور دیگر چکوک کی اراضی پر بلامنظوری قائم کی جانیوالی 24 ہائوسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار، دفاتر کو سیل اور تعمیراتی ودفتری سامان اٹھاکر قبضہ میں لے لیاگیا۔ اس موقع پر کار سرکار میں مداخلت پر دو افراد کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے گئے جن غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان میں بلاسم سٹی ، کینال پلاٹینم ، گرینڈ آئکونک ، خیابان گرین ، ماڈل سٹی ٹیولپ بلاک ، ماڈل سٹی ایگریکٹو بلاک، پام سٹی ، رحمان ولاز ، ٹیک ٹائون فیزIV، بلاسم سٹی ایکٹیشن ، پیرامائونٹ سٹی، گلشن علی، کریم گارڈن فیز i،ii،iii، کریم ولاز ، ماڈرن سمارٹ سٹی فیزi, iiiمائی ہائوسنگ ، نسیم گارڈن،عبداللہ ویلی ، پرائم کیمپس ،رائل گارڈن ،شیفع ولاز اور شفا ویلی اور دیگر شامل ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کے لئے تمام تر قانونی و محکمانہ تقاضے پورے کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے اور منظوری حاصل کئے بغیر ترقیاتی کاموں کا آغاز غیر قانونی ہے جس پر قصورواروں کو نی صرف بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار بھی کردیا جائے تاکہ عوام الناس کو کسی قسم کی دھوکہ دہی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کر لیں تاکہ بعد میں انہیں کسی قسم کی پریشانی یا مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
4