لاہور (بیورو چیف)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے میں علماء کرام کا کردار اہم ہے، ملک دشمن عناصر فرقہ واریت پھیلا کر عدم استحکام پیدکرنا چاہتے ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے عید گاہ شریف راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اسلام میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ملک دشمن عناصرنفرت تعصب اور فرقہ واریت پھیلا کر ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ہم سب کو مل کر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عیدگاہ شریف سے اتحاد بین المسلمین کا پیغام پوری دنیا میں جاتا ہے۔معاشرے میں امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے خانقاہوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ اس وقت ملک کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں۔محرم الحرام کے پیش نظر علمائے کرام کے متحرک کردار کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاک فوج کے جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔ قوم کو دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔تقریب میں ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔بعد ازاں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مظفر آبا د کے قریب پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اُنہوں نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ قوم شہید ہونے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مری میں سیاحوں کی وین حادثے میں اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات کو بلند کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلے دے۔ گورنر پنجاب نے حادثے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔




