لائیو سٹاک کے شعبے کی بہتری کیلئے تربیتی سرگرمیاں ضروری ہیں،ڈاکٹر واجد ارشد خان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر برڈ ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت ضلع چنیوٹ میں لائیوسٹاک کے شعبے کی بہتری اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لئے تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت ضلع چنیوٹ کی تحصیل چنیو ٹ ، بھوانہ اور لالیاں میں مرحلہ وار شرکا کو ٹریننگ فراہم کی گئی۔تقریب میں مہمانان خصوصی ڈاکٹر واجد ارشد خان، ڈائریکٹر بریڈ امپروومنٹ، محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب لاہور اور ڈاکٹر حیدر علی خان ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن شریک ہوئے، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع چنیوٹ ڈاکٹر عطا سبحانی،تربیتی سیشنز میں ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیو سٹاک، سینئر ویٹرنری آفیسرز، ویٹرنری آفیسرز، آرٹیفیشل انسیمینیشن ٹیکنیشنز اور ویٹرنری اسسٹنٹس نے بھرپور شرکت کی۔ڈاکٹر واجد ارشد خان نے تربیتی سیشن کے دوران شرکا کو برڈ ٹرانسفارمیشن پروگرام کے مکمل طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر پروگرام کے تحت فراہم کیے جانے والے اعلی معیار کے سیمن جیسے فریزین اور براہمن کے استعمال، ان کی افادیت اور ان کے ذریعے نسل کی بہتری کے طریقہ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ان جدید نسلوں کے سیمن کے استعمال سے مویشیوں کی دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے جس سے کسانوں کی آمدن میں بھی بہتری آئے گی۔ مزید برآں انہوں نے مویشیوں کی بہتر نگہداشت، ریکارڈ کی درست تکمیل اور فیلڈ میں موثر عملدرآمد کے حوالے سے جامع معلومات فراہم کیں اور شرکاء کے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیئے۔ ڈاکٹر حیدر علی خان نے اس پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تربیتی سرگرمیاں لائیوسٹاک کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف پر زور دیا کہ وہ حاصل کردہ تربیت کو عملی طور پر بروئے کار لائیں تاکہ مویشیوں کی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی معاشی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں