فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ ملت ٹائون نے لیڈی ڈاکٹر اور اسکی بہن کو ہراساں کرنیوالے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق 100 رب کے رہائشی طارق محمود اسلم نے بتایا کہ 27 اگست کی رات کو اسکی بیٹی لیڈی ڈاکٹر حفصہ طارق اپنی بہن ضحی طارق کے ہمراہ کار پر 115 ج ب دیال گڑھ سے اپنے گھر ڈاکٹر سٹی 121 رب جا رہی تھیں جب وہ ملت روڈ 196 رب گھونہ کے قریب پہنچی تو رکشہ ڈرائیور نے اس کا راستہ روک لیا اور غلیظ زبان استعمال کرتے ہوئے دونوں بہنوں کو ہراساں کرنے لگا، مذکورہ ڈرائیور نشہ میں دھت لگتا تھا اور رکشہ گاڑی میں مار دیا، گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا، وہاں پر موجود لوگوں نے بیٹیوں کو بچایا۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ ملت ٹائون علی اکبر نے ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے رکشہ ڈرائیور ارسلان کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی ہے۔ سی پی او تنویر حسین نے خواتین کو ہراساں کرنیوالے ملزم کو گرفتار کر کے ایس ایچ او اور اسکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔




