مبینہ مقابلوں میں بین الاضلاعی گروہ کے ریکارڈ یافتہ3ڈاکو ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آج پھر 2 مبینہ پولیس مقابلوں میں درجنوں وارداتوں میں مطلوب بین الاضلاعی گروہ کے 3 ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے چھ ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مارے جانیوالے ڈاکوئوں نے ایک ہفتہ کے دوران 28 سے زائد وارداتیں کرتے ہوئے ”ات” مچا رکھی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چک جھمرہ انسپکٹر رضوان شوکت نے سیم پل کے قریب ناکہ پر موٹرسائیکلوں پر سوار چھ مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو 2 ملزمان زخمی حالت میں پڑے تھے، جنہوں نے اپنا نام شوکت ولد منیر احمد سکنہ 151 ج ب اور عمران ولد دوست محمد سکنہ 127 ج ب بتایا جبکہ ان کے چار ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے، مرنے والے ڈاکو ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ مرنے والے ڈاکوئوں نے تھانہ نشاط آباد’ ٹھیکریوالہ اور ساندل بار کے علاقوں میں ایک ہی رات میں درجنوں گھروں کو لوٹ لیا تھا۔ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ 26 ج ب کے قریب ڈولفن فورس نے مشکوک موٹرسائیکلوں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد رانا ساجد محمود بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ڈاکو زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے، زخمی نے اپنا نام شہباز ولد شوکت سکنہ 151 ج ب بتایا جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا جو کہ ریکارڈیافتہ نکلا۔ مرنے والے ڈاکوئوں نے گزشتہ ہفتہ کے دوران تھانہ ٹھیکریوالہ’ ساندل بار اور نشاط آباد میں ڈکیتی کی 28 وارداتیں کرتے ہوئے لاکھوں کا مال وزر لوٹ لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں