ویسے بھی کسی ہمہ جہت شخصیت کو پوری طرح جان لینا آسان نہیں ہوتا۔ کسی بھی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ اس ہستی کی تعلیمات کا اچھی طرح مطالعہ اور تجزیہ کیا جائے اور نیک نیتی و ایمانداری کے ساتھ، بغیر کسی لگی لپٹی کے، اس کے بارے میں ایک رائے قائم کی جائے تاکہ دیکھنے اور سننے والوں کے ذہنوں میں کوئی ابہام باقی نہ رہے۔ بدقسمتی سے آج کا دور بڑا ہی پرآشوب اور پرفتن ہے۔ یہاں آئے دن بات کا بتنگڑ بنایا جاتا ہے۔ تتر بٹیر ہو رہے ہیں، کالے گورے اور گورے اپنے حساب سے جب چاہتے ہیں، رنگ بدل لیتے ہیں۔ انتہائی افسوس کی بات تو یہ ہے کہ جس کے اپنے کوئی قابلِ ذکر نظریات نہیں ہیں، لیکن وہ دوسروں کے خیالات کا حلیہ بگاڑنے کی سرتوڑ کوشش کر رہا ہے ۔ سوشل میڈیا کا دائرہ بہت وسیع ہے اور یہ ہر خاص و عام کی دسترس میں ہے۔ سوائے چند لوگوں کے، سب کی اولین خواہش یہی دکھائی دیتی ہے کہ کوئی نہ کوئی وکھری ٹائپ کی بات کرکے نمایاں ہوا جائے۔ مجموعی طور پر یہ ایک زبردست رجحان ہے کیونکہ اس طرح ہر شخص اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکتا ہے۔ خصوصاً وہ حضرات جن کے ہاں فکری وضاحت اور نظریاتی پختگی پائی جاتی ہے، وہ خیر کا کام وسیع پیمانے پر کر سکتے ہیں۔ہاں، کچھ ایسے صاحبان بھی ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ جن ہستیوں نے اپنے کام کی وجہ سے نام کمایا ہے، انہیں چیلنج کرکے وہ بھی اپنا نام بنا سکتے ہیں۔ ماضی کی بالکونی میں جھانک کر دیکھا جائے تو یہ حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے کہ ایسا چورن کبھی بھی مارکیٹ میں زیادہ دیر نہیں بکتا، کیونکہ:
سچائی چھپ نہیں سکتی بناوٹ کے اصولوں سے
کہ خوشبو آنہیں سکتی کبھی کاغذ کے پھولوں سے
مقصدیت اصل چیز ہے۔ قارئینِ کرام! میرا آج کا موضوع برصغیر پاک و ہند کے معروف شاعر علامہ محمد اقبال کے خیالات کی نوعیت کو سمجھنا ہے۔ مذکورہ شاعر کو مفکر، فلسفی، مصور اور نہ جانے کتنے ہی القابات سے پکارا جاتا ہے۔ ایسا کیوں ہے؟ شاید اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان کے خیالات پر پینتیس زبانوں میں کام ہو چکا ہے اور ان کے دیگر ہم عصر اہلِ علم و فکر پر اتنا بڑا تحقیقی کام بہت کم نظر آتا ہے۔تحقیق کے نتیجے میں نئی نئی چیزوں کا سامنے آنا ایک فطری امر ہے۔ ویسے بھی محققین کے ذہنوں میں جنم لینے والے سوالات کے جوابات کسی بھی شاعر، ادیب یا فلسفی کے خیالات ہی سے کشید کیے جا سکتے ہیں۔ محققین کے ہاں اختلافِ رائے کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے اور اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ امکانات پر بات کرنا بھی تحقیق کا ایک اہم مینڈیٹ ہے۔9 نومبر علامہ محمد اقبال کا یومِ ولادت ہے اور پاکستان میں ہر سال یہ دن باقاعدہ منایا جاتا ہے۔ مختلف پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں اور لوگوں کو علامہ اقبال کے خیالات سے آگاہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس مرتبہ سوشل میڈیا پر کچھ حضرات نے اقبال کی فلسفیانہ حیثیت ہی کو چیلنج کر دیا۔ تحقیق کی دنیا میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ کیوں، کیا اور کیسے ہی وہ سوالات ہیں جن سے بات آگے بڑھتی ہے۔ بات سے بات نکلتی ہے۔ بلاشبہ ایسا ہونا چاہیے، لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ ایسا کرنے کے لیے کوئی مخصوص عینک استعمال نہ کی جائے بلکہ نیک نیتی سے بات کو آگے بڑھایا جائے۔ اس ضمن میں محقق کی علمی اور فکری استعداد کو بھی ملحوظِ خاطر رکھنا ہوگا۔ ویسے تو فلسفے کی بھی ایک تاریخ ہے اور فلسفے کا کوئی ایک مخصوص موضوع نہیں۔ فلسفہ دراصل سوچ بچار کرنے کا دوسرا نام ہے اور سوچ بچار کسی بھی موضوع پر کی جا سکتی ہے۔ یہ عمل کسی بھی زبان میں ممکن ہے۔ تاہم سوچ بچار کے نتیجے میں کیا کھویا اور کیا پایا، اس کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ مغرب کے فلسفی ہوں یا مشرق کے فلاسفر، ان کے درمیان تقابلی جائزے ہوتے رہے ہیں اور آئندہ بھی ہوتے رہیں گے۔یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جس علمی، فکری، سماجی، سیاسی، روحانی، معاشی اور معاشرتی انقلاب کی بنیاد رکھی، اس فکر نے اپنے دور کے رائج نظاموں کو تہ و بالا کر دیا۔ لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دنیا سے تشریف لے جانے اور خلفائے راشدین کے دورِ خلافت کے بعد مذکورہ نظام کی ہیئت کو ہی بدل دیا گیا اور پھر یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا، جو آج تک جاری ہے۔مختلف ادوار میں مدبرین، مفکرین اور بزرگانِ دین نے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کیا، لیکن بیسویں صدی میں جس شخصیت نے انتہائی جاندار، ٹھوس اور موثر انداز میں اس حوالے سے کام کیا، وہ علامہ محمد اقبال تھے۔بلاشبہ وہ ایک شاعر تھے اور ان کی شاعری کے موضوعات میں غیر معمولی تنوع پایا جاتا ہے۔ کسی بھی شاعر کو سمجھنے کے لیے اس کے عہد کے حالات و واقعات کا جائزہ لینا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے بعد انہی حالات و واقعات کے تناظر میں اس کی شاعری کا مطالعہ کرنا چاہیے۔اسلام کی اصل شکل کو دنیا کے سامنے واضح کرنا تو ضروری تھا، جیسا کہ مذکورہ سطور میں بیان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو سوچنے پر مجبور کرنا بھی اس وقت کا ایک اہم تقاضا تھا۔ یہ تقلید کا خوفناک دور تھا۔ ہم سب لکیر کے فقیر بن چکے تھے۔ ہر محاذ پر ہمیں شکست کا سامنا تھا۔ قوم شکست خوردہ تھی، سیاسی قیادت انتشار کا شکار تھی اور ہر طرف مایوسی و غیر یقینی کی کیفیت طاری تھی۔ ایسے حالات میں اقبال کا علمی پس منظر، مغرب میں ان کا قیام، اس دوران مشرق و مغرب کے حالات و واقعات اور وہاں کے لوگوں کے خیالات کا تقابلی جائزہ، اپنی قوم کے احیا کا خواب اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کا غیر معمولی جذبہ، یہ سب عوامل ان کی فکری تشکیل میں اہمیت رکھتے ہیں۔1909 میں علامہ محمد اقبال نے جرمنی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد ان کے خیالات میں ایک انقلابی تبدیلی نمایاں ہوئی۔ احیائے اسلام اور امتِ مسلمہ کی فکری بیداری کے حوالے سے ایک تحریک کا آغاز ہوا، جس کا بنیادی مقصد امتِ مسلمہ کو غور و فکر پر آمادہ کرنا تھا۔شکوہ، جوابِ شکوہ، خضرِ راہ، طلوعِ اسلام اور اس نوعیت کی دیگر شاعری اور نثری تحریروں کے ذریعے انہوں نے امید، خودی اور بیداری کا پیغام دیا۔ ملاحظہ فرمائییاگر عثمانیوں پر کوہِ غم ٹوٹا تو کیا غم ہے
کہ خونِ صد ہزار انجم سے ہوتی ہے سحر پیدا
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر
اے مسلماں! تو تو مسجودِ ملائک تھا کبھی
پھر یہ شیطاں کی غلامی کیوں تری تقدیر ہے؟
ہم تو مائل بہ کرم ہیں، کوئی سائل ہی نہیں
راہ دکھلائیں کسے راہرو منزل ہی نہیں
آسماں ہوگا سحر کے نور سے آئینہ پوش
اور ظلمت رات کی سیماب پا ہو جائے گی
سوچنا اور دوسروں کو سوچنے پر مجبور کرنا، یہی وہ بنیادی وصف ہے جس نے علامہ محمد اقبال کے علمی اور فکری قد و قامت کو نمایاں کیا۔علامہ موصوف کیا تھے، ان کی شخصیت کا اصل مقام کیا ہے اور ان کے فلسفے کی نوعیت کیا ہے؟ ان سوالات کا فیصلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی تعلیمات اور افکار کا بنظرِ غائر مطالعہ کیا جائے۔ محض القابات سے کسی شخصیت کا مقام متعین نہیں ہوتا، بلکہ اس کے افکار، نظریات اور علمی خدمات ہی اس کی اصل پہچان ہوتے ہیں۔




