مبینہ پولیس مقابلہ،ریکارڈ یافتہ 2ڈاکو ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی کیساتھ چک جھمرہ کے علاقہ دیال گڑھ چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈیافتہ 2ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اقبال ٹائون کے سرکل آفیسر علی اکرام گورائیہ’ لائلپور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ’ مدینہ ٹائون کے انچارج سید ارم رضا شاہ نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ چک جھمرہ کے علاقہ دیال گڑھ چوک مکھن والا پل کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ تاہم پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے تھے جنہوں نے اپنا نام عمیر شہزاد ولد شہزاد سکنہ 215 رب اور عبدالمعیز ولد اشرف بتایا جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ دم توڑ گئے۔ مرنے والے دونوں ڈاکو ریکارڈ یافتہ نکلے جو کہ قتل’ ڈکیتی سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے اور تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں ڈکیتی کے مقدمہ میں اشتہاری بھی تھے۔ ان کا تعلق بین الاضلاعی گینگ سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے نعشیں ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں