لاہور (بیوروچیف) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر مختلف امیگریشن کائونٹرز کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے سے امیگریشن کے طریقہ کار اور مسافروں کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا، اس موقع پر انہوں نے مسافروں سے بھی امیگریشن پراسیس میں لگنے والے وقت کے بارے میں پوچھا۔مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریبا 30 منٹ لگ رہے ہیں اور وزیر داخلہ سے امیگریشن کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی درخواست کی۔محسن نقوی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے امیگریشن پراسیس تیز کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر تمام کائونٹرز کھلے رکھنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ دیگر کائونٹرز کھلے رہنے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔دورے کے دوران ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت بھی کی، جس پر وزیر داخلہ نے موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے کیس ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کردیا اور متعلقہ ایجنٹ کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی شخص کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے،ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان ہوا ہے، جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا اور مسافروں کو امیگریشن کے عمل میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔




