محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کرکے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جا سکتا ہے یہ محکمہ انتہائی دیانتدار اور مضبوط ادارہ تھا مگر اس کی زمین اور بلڈنگوں پر قبضہ کرنے کے خواہش مند لوگ اسے نجکاری کے ذریعے ہڑپ کرنے کے مذموم ارادے رکھتے ہیں ایسے محکموں کونجکاری میں لاناملک دشمنی ہے ان خیالات کا اظہار پیپلزلیبر بیورو فیصل آباد ڈویژن کے جنرل سیکرٹری لال حسین راشد نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام کے ایجنٹ اس محکمہ کو آہستہ آہستہ آخری سانسوں پر لے آئے ہیں اور اب یہ محکمہ آکسیجن پر ہے اور اس آکسیجن سپلائی کے پائپ پر بھی ان لوگوں کا پائوں ہے یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اس محکمے کو بیچنے کی آڑ میں خرید لیا جائے ۔ کیوں کہ محکمہ کے دفتروں کی زمین انتہائی قیمتی ہو چکی ہیں اور یہ لوگ ان زمینوں پر اپنے پلازے بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں جو کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیں گے انہوں نے مزید کہا کہ ان سرمایہ اداروں کے ایجنٹوں کی آنکھیں سٹیل ملز پاکستان ‘پاکستان ائیر لائنز PIAاور محکمہ تعلیم پر بھی مرکو ز ہیں مگر پاکستان کے محب وطن عوام کو آگے بڑھ کر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ان اثاثوں کا ہر قیمت پر دفاع کرنا ہوگا اور اس کیلئے عوام بالکل تیار ہیں عوام یہ بھی جان چکے ہیں کہ بیورو کریسی نے چند کوریئر کمپنیوں کو نوازنے اور ان سے بڑے بڑے نذرانے لینے کی خاطر محکمہ ڈاک کا بیڑا غرق کیا ہے اور ہر کسی کو اپنے کئے کی سزا بھگتنا پڑیگی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں