مریم نواز کا ستھرا پنجاب کا خواب پورا ہونے جارہا ہے ،ملک صہیب احمد بھرتھ

سرگودہا (بیوروچیف) صوبائی وزیر مواصلا ت و قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تحصیل ہیڈ کوارٹر سرگودہا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منظم نظام کے تحت باقاعدہ صفائی آپریشن کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویڑن جہانزیب اعوان ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن کیپٹن محمد وسیم کے علاوہ پارلیمنٹیرینز میاں اکرام الحق، صفدر حسین ساہی ، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران ، ڈائریکٹرز عبدالرزاق ڈھلوں، میاں سلطان علی رانجھا ، محمد عمیر، لیگی رہنما چوہدری شاہ نواز رانجھا، ڈاکٹر لیاقت علی خان اور رضوان گل کے علاوہ دیگر قائدین و ویسٹ مینجمنٹ کے افسران اور ورکرز نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر گاؤں، شہر اور دہی علاقوں کی گلی محلوں میں اب روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کا اہتمام ہوگا۔ ویسٹ پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں، صفائی ستھرائی میں جدید مشینری بروئے کار لائی جائے گی اور باقاعدہ لینڈ فلتھ سائٹس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اصل ہیرو ورکرز ہیں جن کے توسط سے وزیراعلی مریم نواز شریف کا صاف ستھرا پنجاب کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سرگودہا کے لیے جلد ایک بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گی۔ ہمارے ایک سال کے دور حکومت میں سرگودہا میں اربوں روپے کے پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں جن میں گورنمنٹ نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال، 47 پل فلائی اوور کے علاوہ چھوٹی بڑی سڑکوں کا سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں