منافع خوری پر 221 دکاندار گرفتار’ 243 دکانیں سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظامیہ ماہ رمضان المبار ک سے قبل پرائس کنٹرول کیلئے متحرک ہوگئی۔کمشنر مریم خان نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ناجائز منافع خوروں کیساتھ سختی سے نمٹنے کا عندیہ دے دیا۔کمشنر مریم خان کی ہدایت پر ڈویژن میں میگا کریک ڈائون کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ڈویژن میں 185پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 24گھنٹوں میں 35ہزار 560دکانوں پر پرائس انسپکشن کی۔ناجائز منافع خوری پر 221دکاندار گرفتار کر کے 243دکانیں سربمہر کردی گئیں قانون شکن تین دکانداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کرادیا گیا۔انسپکشنز کے دوران 2709دکاندار اوور چارجنگ کے مرتکب پائے گئے۔ریٹ لسٹس سے زائد نرخ کی وصولی پر دکانداروں کو2لاکھ 67ہزار 500روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔کمشنر کا کہنا ہے کہ ماہ مبارک میں روزہ داروں کو ہر ممکن ریلیف دینگے۔عام مارکیٹ میں قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔کسی کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں